پُتّور 12؍مارچ (ایس او نیوز) دن دہاڑے مرچی کا پاؤڈر آنکھوں میں جھونک کر سونا لوٹنے کی واردات پتور کے ایک علاقے موڈنورو میں پیش آئی ہے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق خلیج میں برسرروزگار حسین کے گھر میں ایک نقاب پوش گھس آیا ۔اس وقت حسین کی بیوی فوزیہ اور اس کی دو بیٹیاں گھر میں موجود تھیں۔مبینہ طور پر جب فوزیہ صبح ۶ بجے اپنے بیڈ روم سے باہر نکلی تو ایک نقاب پوش نے اس کی آنکھوں میں مرچی کا پاؤڈرجھونک دیا۔پھر اس نے ایک بہت بڑا چاقو دکھاتے ہوئے کہا کہ اگر فوزیہ نے سونے کے زیورات اس کے حوالے نہیں کیے تو وہ اس کی بچیوں کو مار ڈالے گا۔پھر ماں اور بچیوں نے الماری کی نشاندہی کی جہاں سے اس نے چند منٹوں میں ہی سونے کی چین، پینڈنٹ، کان کی بالیاں جیسے زیورات پر مبنی240گرام سونالوٹ لیا اور وہاں سے فرار ہوگیا۔کہا جاتا ہے کہ لٹیراپچھلا دروازہ توڑ کرگھر میں داخل ہوا۔ جس کے لیے اس نے ایکسا بلیڈ اور ہتھوڑے کا استعمال کیا تھا، جو مرچی کے پاوڈر کے پیکیٹ کے ساتھ وہیں گھر میں چھوڑ گیا ہے۔ ماں اور بیٹیوں کا کہنا ہے لٹیرا ملیالم میں بات چیت کررہاتھا۔سامپیا پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے اورفنگر پرنٹس کے ماہرین اور ڈاگ اسکواڈ مدد سے تحقیقات کی جارہی ہے۔